نئی دہلی، 7؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی)پیگاسس جاسوسی معاملہ اور زرعی قوانین کے خلاف اپوزیشن پارٹیاں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر دونوں مقامات پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتی ہوئی اور حملہ کرتی ہوئی نظر آ رہی ہیں - اسی ضمن میں آج زرعی قوانین کے خلاف مظاہرہ کر رہے کسانوں کی حمایت میں تقریباً 14 اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈر جنتر منتر پہنچے- ان لیڈروں میں کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی بھی شامل رہے- انھوں نے جنتر-منتر پر کسانوں کی حمایت میں مظاہرہ کیا اور ’سیو فارمرس، سیو انڈیا‘ (کسان بچاؤ، ہندوستان بچاؤ) کا نعرہ بھی بلند کیا- اپوزیشن پارٹیوں کے اس مظاہرہ میں کانگریس، این سی پی، شیو سینا، سماجوادی پارٹی، ڈی ایم کے، آر جے ڈی سمیت بایاں محاذ کے کئی لیڈر شامل ہوئے- جنتر منتر پر پہنچے راہل گاندھی نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ پورا اپوزیشن کسانوں کی حمایت میں پارلیمنٹ سے جنتر منتر آیا ہے، یہاں اپوزیشن لیڈر، ہندوستان کے سبھی کسانوں کو اپنی پوری حمایت دینے پہنچے ہیں - راہل گاندھی نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت کو ان تینوں سیاہ قوانین کو رد کرنا ہی ہوگا، اس پر بحث و مباحثہ سے کام نہیں چلنے والا ہے-کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے پارلیمانی کارروائی کے تعلق سے کہا کہ ”پارلیمنٹ میں کیا ہو رہا ہے، یہ آپ جانتے ہیں؟ پارلیمنٹ میں ہم پیگاسس پر بحث کرنا چاہتے ہیں، لیکن اس پر بحث نہیں ہو رہی ہے-
نریندر مودی نے ملک بھر میں سبھی کے فون میں پیگاسس بھر دیا ہے-“ جنتر منتر پر آج مودی حکومت کے خلاف ہوئے مظاہرے میں راہل گاندھی کے علاوہ ملکارجن کھرگے، سنجے راؤت، منوج جھا، کے ٹی شیوا سمیت کئی لیڈرس موجود تھے -